ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیر اعظم مودی کے ’ایک اکیلا سب پر بھاری‘ والے بیان پر کانگریس کا جوابی حملہ، ’اب ایسے بوجھ سے ملک کو آزادی چاہئے‘

وزیر اعظم مودی کے ’ایک اکیلا سب پر بھاری‘ والے بیان پر کانگریس کا جوابی حملہ، ’اب ایسے بوجھ سے ملک کو آزادی چاہئے‘

Fri, 10 Feb 2023 22:15:40    S.O. News Service

نئی دہلی،10؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) وزیر اعظم مودی کی جانب سے راجیہ سبھا میں کی گئی تقریر پر کانگریس نے جوابی حملہ بولا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ وزیر اعطم مودی کی تقریر صرف اپنی تعریف کے لئے تھی، انہوں نے صرف تکبر کی باتیں کیں، کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔

ملکارجن کھرگے نے جمعہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر ا عظم مودی نے بے روزگاری، مہنگائی، اڈانی بحران، نجکاری کسی موضوع پر جواب نہیں دیا۔ وزیر اعظم صرف اپنی شان میں قصیدے پڑھنے میں مصروف رہے۔ ان کا یہ کہنا کہ ایک آدمی ملک کو بچا سکتا ہے اور وہ سب پر بھاری پڑ رہے ہیں، یہ صرف اور صرف ان کے تکبر کو ظاہر کرتا ہے۔

وہیں، کانگریس نے وزیر اعظم مودی کی راجیہ سبھا میں دی گئی تقریر کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ان پر نشانہ لگایا ہے۔ پارٹی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے وزیر اعظم کی تقریر کے اس حصہ کو شیئر کیا جس میں کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں ’’ایک اکیلا کتنوں پر بھاری پڑ رہا ہے!‘‘

کانگریس نے ٹوئٹ میں لکھا ’’ملک نہیں بھولا ہے، کورنا کے دور میں گنگا کے ساحل پر لگے لاشوں کے انبار کو، آکسیجن کی کمی سے تڑپ کر مرے لوگوں کو، 700 سے زیادہ کسانوں کی شہادت کو۔ اب ایسے بھار (بوجھ) سے ملک کو آزادی چاہئے۔‘‘

خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں اپنی تعریف کرتے ہوئے کہا ’’ملک دیکھ رہا ہے کہ ایک اکیلا شخص اتنوں پر بھاری پڑ رہا ہے۔ میں ملک کے لئے جیتا ہوں۔ میں ملک کے لئے کچھ کرنے نکلا ہوں۔ ‘‘ وہیں اس دوران حزب اختلاف کے ارکان ’مودی-اڈانی بھائی بھائی‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔


Share: